کے انتخابات میں استحکام پاکستان پارٹی گلگت بلتستان میں پوری قوت اور بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی۔فتح اللہ خان

گلگت(سجی ڈیسک)سابق صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ گلگت بلتستان و سابق چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ گلگت بلتستان فتح اللہ خان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سال 2026 کے انتخابات میں استحکام پاکستان پارٹی گلگت بلتستان میں پوری قوت اور بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی پارٹی کے پاس مختلف حلقوں میں انتہائی مضبوط اور قابل امیدوار موجود ہیں جو عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ انتخابی عمل میں حصہ لیں گے انہوں نے کہا کہ پارٹی کی مرکزی قیادت گلگت بلتستان کے تمام حلقوں میں باریک بینی سے انتخابی مہم کی نگرانی کرے گی اور ایک مؤثر اور جامع لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا تاکہ عوام کے مسائل کے حقیقی حل کی طرف پیش رفت ممکن ہو سکے۔فتح اللہ خان نے کہا کہ ماضی کی حکمران جماعتیں مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے عوام کی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام رہی ہیں اور عوام انہیں مسترد کرچکے ہیں۔انہوں نے گلگت بلتستان کے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس مرتبہ استحکام پاکستان پارٹی کو خدمت کا موقع دیا جائے ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ عوام کے اعتماد کو کبھی ٹھیس نہیں پہنچائیں گے اور ان کی امیدوں پر پورا اترنے کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے اور گلگت بلتستان کے عوام کو ایک باوقار اور روشن مستقبل فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں گے انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کیے جائیں گے تعلیم صحت انفراسٹرکچر اور سیاحت کے شعبوں کو ترجیحی بنیادوں پر ترقی دی جائے گی قدرتی وسائل کو بروئے کار لا کر علاقے میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا اور سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھولے جائیں گے فتح اللہ خان نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی کا وژن ایک مضبوط خوشحال اور ترقی یافتہ گلگت بلتستان ہے جہاں عوام کو بنیادی سہولیات انصاف اور مساوی ترقی کے مواقع میسر ہوں اور یہی ہماری جدوجہد کا مقصد ہے انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام ایک نئی قیادت کو آگے لائیں جو خلوص نیت اور دیانتداری کے ساتھ ان کے مسائل حل کرے اور علاقے کو ترقی اور خوشحالی کی نئی راہوں پر گامزن کرے استحکام پاکستان پارٹی عوامی امنگوں کی حقیقی ترجمان بن کر سامنے آئے گی اور عوام کے تعاون سے ایک بہتر اور مضبوط گلگت بلتستان کی بنیاد رکھی جائے گی۔



