کھیل اور ثقافت

پاکستان اولمپینز الیون نے پاکستان میڈیا الیون کو شکست دے دی، سید زین العابدین کی شاندار کارکردگی پر میڈل سے نوازا گیا

اسلام آباد(بیورورپورٹ)پاکستان اولمپینز الیون اور پاکستان میڈیا الیون کے درمیان ایک نمائشی ہاکی میچ جوش و خروش کے ساتھ کھیلا گیا،جس میں تجربہ،مہارت اور قومی ہاکی کے فروغ کا عملی مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔ پاکستان اولمپینز الیون کی ٹیم میں رانا مجاہد اولمپین، شہباز سینئر اولمپین،شیخ عثمان اولمپین،احمد عالم اولمپین،خالد اولمپین اور پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ طاہر زمان شامل تھے جنہوں نے مضبوط اور جارحانہ کھیل پیش کیا۔
پاکستان میڈیا الیون کی نمائندگی سید زین العابدین (نیشنل ہاکی کوچ و گول کیپر) نے کی جن کے ہمراہ افضل بٹ،راجہ جاوید اختر، مجتبیٰ حسین، حفیظ، اویس قاضی، بصیرہ، علویٰنہ، وانیا، صالحہ اور دیگر میڈیا نمائندگان شامل تھے۔ انتہائی تجربہ کار اولمپین کھلاڑیوں کے خلاف کھیلتے ہوئے سید زین العابدین نے شاندار گول کیپنگ کا مظاہرہ کیا اور متعدد یقینی گول روک کر سب کو متاثر کیا۔
میچ میں پاکستان اولمپینز الیون نے 3 کے مقابلے میں 1 گول سے کامیابی حاصل کی، تاہم میچ کی نمایاں بات سید زین العابدین کی غیر معمولی کارکردگی رہی۔ میچ کے اختتام پر ڈائریکٹر جنرل پاکستان اسپورٹس بورڈ یاسر پیرزادہ نے ان کی بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے میڈل پہنایا۔ اس موقع پر رانا مجاہد اولمپین، جنرل سیکریٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن بھی موجود تھے۔
ڈی جی پی ایس بی یاسر پیرزادہ نے اس موقع پر کہا کہ سید زین العابدین نے آج انتہائی تجربہ کار کھلاڑیوں کے خلاف کھیلتے ہوئے کئی یقینی گول روکے۔ جبکہ سید زین العابدین کا کہنا تھا کہ اتنے تجربہ کار اولمپین کھلاڑیوں کے خلاف گول کیپنگ کرنا ان کے لیے اعزاز ہے اور اس طرح کے مقابلے پاکستان میں ہاکی کے احیاء کے لیے نہایت اہم ہیں۔

#کمال_حسین
#PHF

Back to top button