گلگت میں جدید ون ونڈو عوامی خدمات مرکز قائم کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔غلام عباس

اسلام آباد (سجی ڈیسک)گلگت بلتستان کے نگران وزیر اطلاعات، نشریات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی غلام عباس نے کہا ہے کہ گلگت میں جدید ون ونڈو عوامی خدمات مرکز قائم کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں قائم آسان خدمت مرکز کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
نگران وزیر نے بتایا کہ اسلام آباد کا آسان خدمت مرکز جدید ڈیجیٹل نظام کے تحت مختلف سرکاری خدمات ایک ہی چھت تلے فراہم کر رہا ہے، اور وفاقی حکومت چاہتی ہے کہ یہی ماڈل گلگت بلتستان میں بھی نافذ کیا جائے تاکہ عوام کو سرکاری خدمات تک آسان رسائی مل سکے۔
غلام عباس نے کہا کہ مجوزہ آسان خدمت مرکز گلگت میں ون ونڈو نظام کے تحت صوبائی اور وفاقی اداروں کی خدمات ایک ہی جگہ دستیاب ہوں گی۔ شہری مخصوص کاؤنٹرز کے ذریعے مختلف محکموں سے متعلق امور نمٹا سکیں گے، جبکہ اس مقصد کے لیے محفوظ آئی ٹی نظام فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت کیو مینجمنٹ سسٹمکے ساتھ مربوط مینجمنٹ انفارمیشن سسٹمبھی متعارف کرایا جائے گا، جس کے ذریعے درخواستوں کی تعداد، سروس کی فراہمی کا وقت، مصروف اوقات اور کاؤنٹرز کی کارکردگی پر نظر رکھی جا سکے گی۔ یہ نظام حکام کو نگرانی اور مستقبل کی منصوبہ بندی میں مدد دے گا۔
نگران وزیر کے مطابق گلگت بلتستان کے وہ محکمے جو پہلے ہی آن لائن خدمات فراہم کر رہے ہیں، ان کے ساتھ رابطہ کیا جائے گا تاکہ انہیں مجوزہ مرکز میں شامل کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ نادرا، نیشنل بینک آف پاکستان اور پاسپورٹ و امیگریشن جیسے وفاقی اداروں کو بھی اپنے کاؤنٹرز قائم کرنے کی پیشکش کی جائے گی۔
غلام عباس نے کہا کہ منصوبے کے تحت نظام کی تنصیب، مختلف محکموں کے نظام کا انضمام، عملے کی تربیت اور تکنیکی معاونت کی ذمہ داری گلگت بلتستان آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کو دی جائے گی، جبکہ انفراسٹرکچر کو اس طرح ڈیزائن کیا جا رہا ہے کہ مستقبل میں اس دائرہ کار کو مزید بڑھایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت میں آسان خدمت مرکز کے قیام سے متعلق حتمی فیصلہ مزید غور و خوض کے بعد کیا جائے گا۔
Chief Minister Gilgit-Baltistan
Office of the Chief Secretary, Gilgit Baltistan
Ghulam Abbas Khaksar
Information Technology Dept. Gilgit-Baltistan



