محکمہ انفارمیشن اور اے کے آر ایس پی کے اشتراک سے صحافیوں کی صلاحیت سازی کی تفصیلی ورکشاپ کا انعقاد

چلاس(سجی ڈیسک)محکمہ انفارمیشن اور اے کے آر ایس پی کے اشتراک سے صحافیوں کی صلاحیت سازی کی تفصیلی ورکشاپ کا انعقاد
چلاس: محکمہ انفارمیشن گلگت بلتستان اور آغا خان رورل سپورٹ پروگرام (AKRSP) کے باہمی اشتراک سے چلاس میں صحافیوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے اور جدید صحافتی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ایک جامع تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ میں پریس کلب دیامر کے عہدیداران، ضلع بھر سے تعلق رکھنے والے سینئر و جونیئر صحافیوں، اور ڈیجیٹل میڈیا سے وابستہ انفلوئنسرز نے بھرپور شرکت کی۔
ورکشاپ کا بنیادی مقصد صحافیوں کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق رپورٹنگ، ڈیجیٹل میڈیا کے مؤثر اور ذمہ دارانہ استعمال، خبر کی تصدیق، فیک نیوز سے بچاؤ، صحافتی اخلاقیات اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے حوالے سے عملی رہنمائی فراہم کرنا تھا تاکہ مقامی صحافت کو مزید مضبوط، مثبت اور عوام دوست بنایا جا سکے۔
اس موقع پر اسٹنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن دیامر–استور ڈویژن، چلاس شفقت محمود قریشی اور ماسٹر ٹرینر سمر قذافی نے بطور ماسٹر ٹرینرز شرکاء کو تفصیلی لیکچرز اور عملی مثالوں کے ذریعے تربیت فراہم کی۔ مقررین نے جدید صحافت میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی بڑھتی ہوئی اہمیت، سوشل میڈیا کے مثبت استعمال، ذمہ دار رپورٹنگ اور صحافیوں کے کردار پر روشنی ڈالی۔
ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء نے کہا کہ شفقت محمود قریشی کی انتھک کوششوں اور مخلصانہ کاوشوں کے باعث ضلع دیامر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ تمام صحافی ایک پلیٹ فارم پر متحد نظر آئے، جو نہ صرف مقامی صحافت بلکہ سماجی ہم آہنگی کے لیے بھی ایک خوش آئند اور تاریخی پیش رفت ہے۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ اس اتحاد سے صحافیوں کے مسائل کے حل، پیشہ ورانہ ترقی اور معیاری صحافت کے فروغ میں مدد ملے گی۔
شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آپسی اتحاد، باہمی تعاون اور پیشہ ورانہ اقدار کو برقرار رکھتے ہوئے مثبت، تعمیری اور ذمہ دار صحافت کو فروغ دیں گے، تاکہ عوام تک درست معلومات کی بروقت فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔ آخر میں ورکشاپ کے انعقاد پر محکمہ انفارمیشن اور اے کے آر ایس پی کا شکریہ ادا کیا گیا اور مستقبل میں بھی اس نوعیت کی تربیتی سرگرمیوں کے تسلسل پر زور دیا گیا۔
Chief Minister Gilgit-Baltistan
Office of the Chief Secretary, Gilgit Baltistan



